5 فروری 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں واقع پاکستان کے سفارت خانے میں آج یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گيا۔

ابنا:  اس تقریب میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر خالد عزیز بابر نے کہا کہ ساٹھ سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے کہ کشمیری عوام ہندوستانی فوجیوں کے ظلم وستم کا شکار ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی قراردادوں میں کشمیر میں ریفرنڈم کرا کے کشمیر کے مستقبل کے بارے میں کشمیری عوام کی خواہش جاننے اور اس پر عمل کرنے کی بات کی ہے لیکن افسوس کہ ساٹھ سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ان قراردادوں پر عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔

تقریب میں ایرانی دانشوروں، اساتذہ اور شعرا نے بھی شرکت کی اور کشمیر کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ فلسطین کی طرح کشمیر بھی ایک اسلامی مسئلہ ہے اور وہاں کے مسلمان بھی غیرمسلموں کے ہاتھوں کئی عشروں سے ظلم و ستم کا شکار ہیں اور استصواب رائے کا اپنا حق مانگتے ہیں کہ جو ان کا جائز اور قانونی حق ہے اور پوری مسلم امہ اور حریت پسند اقوام کو ان کے اس حق کی حمایت کرنی چاہیے۔اس تقریب میں کئی ممالک کے سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔........

/169